بابر اعظم نے ایک بار پھر پاکستان کا نام روشن کردیا

51

لاہور(این این آئی)گزشتہ سال متعدد اعزازات اپنے نام کرنے کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم مسلسل دوسرے سال بھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ 2022 میں اسٹار بلے نے

صرف 9 میچ کھیلے جس میں انہوں نے 84.87 کی اوسط سے 3 سنچریوں اور 5 نصف سنچریوںکے ساتھ 679 رنز بنائے۔بابر اعظم نے 2022 کے دوران ون ڈے کرکٹ میں کئی شاندار اننگز کھیلیں جن میں مارچ کے آخر میں لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلی گئی 114 رنز کی یادگار باری بھی شامل تھی۔معروف اسپورٹس جرنلسٹ مظہر ارشد نے بابر اعظم کو ملنے والے ایوارڈ سے متعلق کہا کہ ان سے قبل کسی پاکستان کرکٹر کو یہ اعزاز نہیں ملا تھا۔آسٹریلوی جیسی مشکل ٹیم کے خلاف سیریز کے افتتاحی میچ میں شکست کے بعد پاکستان کے لیے یہ میچ جیتنا سیریز میں رہنے کے لیے لازمی تھا اور بابر اعظم نے اس وقت یہ باری زبردست باری کھیلی جب ان کے ملک کو اس کی سب سے زیادہ ضرورت تھی۔اس میچ میں گرین شرٹس نے 349 رنز کے بڑے ہدف کا شاندار تعاقب کیا اور صرف 4 وکٹیں کھو کر 6 گیندیں قبل ہی ہدف کو حاصل کرلیا تھا۔پاکستان نے کپتان بابراعظم اور اوپنر امام الحق کی شان دار سنچریوں کی مدد سے ریکارڈ ہدف حاصل کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور سیریز بھی 1-1 سے برابر کردی تھی۔اس میچ میں بابر اعظم نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا، انہوں نے صرف 73 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی جو کہ ون ڈے کرکٹ میں ان کی اب تک کی تیز ترین اننگز ہے، میچ میں تاریخی کامیابی پر کپتان کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔واضح رہے کہ بابر اعظم گزشتہ سال بھی آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے۔گزشتہ سال انہوں نے صرف 6 ایک روزہ میچز کھیلے جن میں انہوں نے 67.50 کی اوسط سے 405 رنز بنائے تھے جس کے بعد وہ ایوارڈ کے حق دار قرار پائے تھے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

Your email address will not be published.