پشاور دھماکے میں 32 افراد جاں بحق، 147 زخمی
پشاور میں پولیس لائنز کے قریب پیر کو ہونے والے دھماکے میں کم از کم 32 افراد ہلاک اور 147 سے زائد زخمی ہو گئے، یہ بات لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ترجمان نے بتائی، بول نیوز نے رپورٹ کیا۔
اطلاعات کے مطابق دھماکہ ظہر کی نماز کے دوران مسجد کے اندر ہوا جس کے نتیجے میں عبادت گاہ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ جبکہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ ادھر پشاور کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
ہسپتال کی جانب سے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ خون کا عطیہ دیں، خاص طور پر متاثرین کے لیے او نیگیٹو۔
اس سے قبل پشاور کے لیڈی ریڈنگ ہسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان محمد عاصم نے کہا تھا کہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے چند کی حالت تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید زخمیوں کو طبی مرکز میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ ایل آر ایچ نے لوگوں سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خون کا عطیہ دینے کی درخواست کی ہے